• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:37pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:39pm

کراچی: شیرشاہ پُل پر کنٹینر موٹرسائیکل پر گر گیا، ایک شخص جاں بحق

شائع October 30, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شیرشاہ پُل پر ٹرالر پر رکھا گیا کنٹینر موٹر سائیکل پر گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور ٹرالر لے کر فرار ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، کراچی پولیس کے مطابق حادثہ ٹرالر پر کنیٹنر لاک نہ ہونے کے باعث پیش آیا جبکہ فرار ہونے والے ٹرک ڈرائیور کی تلاش کا کام جاری ہے۔

حکام کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

بعد ازاں ڈان سے بات کرتے ہوئے سائٹ بی ایریا پولیس کے ایس ایچ او راؤ شبیر نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 50 عبدالکریم کے نام سے ہوئی، کنٹینر جو بظاہر ٹھیک سے لاک نہیں تھا، پُل پر چلتے ہوئے ٹرالر سے گرا۔

کنٹینر گرنے سے شہری شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

یاد رہے کہ یہ اس نوعیت کا چوتھا واقعہ تھا جو حال ہی میں بڑی گاڑیوں کو لاپرواہی سے چلانے کے باعث پیش آیا جبکہ اس سے قبل 2 موٹرسائیکل سوار شہری ڈمپروں کی زد میں آکر زندگی کی بازی ہار گئے تھے جس کے بعد مشتعل شہریوں نے دونوں گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا تھا۔

شہر میں ہیوی گاڑی کی تیز رفتاری اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے باعث بڑھتے ہوئے حادثات نے آج وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو معاملے کا نوٹس لینے پر مجبور کیا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت کے سربراہ نے کراچی میں بڑھتے روڈ حادثات پر تحفظات کا اظہار کیا اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی کو ہدایت کی کہ ٹریفک حادثات پر کنٹرول اور انسانی جانوں کے حوالے سے حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حادثات میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹریفک حادثات کا سن کر دلی طور رنجیدہ ہوں، انسانی جانوں کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے، ہیوی ٹریفک کے حوالے سے جو قوانین نافذ کیے گئے ہیں اُن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024