• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:13pm
  • LHR: Maghrib 5:07pm Isha 6:34pm
  • ISB: Maghrib 5:07pm Isha 6:36pm

عمران خان سے متعلق اب کوئی شکایت ملی تو پورا ملک بند کردیں گے، علی امین گنڈاپور کی وارننگ

شائع October 29, 2024
— فوٹو: پی ٹی آئی / ایکس
— فوٹو: پی ٹی آئی / ایکس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت کو وارننگ دی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے متعلق مزید کوئی شکایات ملی تو پورا ملک بند کردیں گے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہمیں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے عمران خان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا ہوا ہے، اس بارے میں پتہ چلا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سیل کی بجلی بند کی گئی اور اب بھی کی جاتی ہے، جیل کے اندر حقوق نہیں دیے جارہے ہیں، انہیں ایکسرسائز نہیں کرنے دی جارہی،کھانے سے متعلق بھی شکایات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کو وارننگ دے رہا ہوں، اگر اس کے بعد اس طرح کی کوئی شکایت ہمیں آئی یا پھر عمران خان کے ملاقاتوں پر پابندی سے متعلق کوئی بات سننے کو ملی تو دن تو آپ ویسے ہی اپنے گن رہے ہیں، ہم بھی آپ کے دن گننا شروع کردیں گے اور پورا ملک بند کردیں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں پوری قوم سے کہتا ہوں کہ وہ تیار رہے، ہم نے پورے پاکستان کو بند کرنے کا فیصلہ کیا جس کے ذریعے ہم ان مینڈیٹ چور حکومت سے جان چھڑائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ڈی چوک کے بعد اگلا مرحلہ صرف ایک ہے اور اس سے آپ کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، ہماری لیڈرشپ اور کارکنان ہمیشہ پر امن رہے ہیں لیکن آپ ہمیں مجبور نہ کریں، ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ وہ کیا جائے جس کے آپ حقدار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے اندر جن لوگوں نے عمران خان سے غداری کی ہے، اور یہ بزدلی کے بعد فلاسفر بن کر سوشل میڈیا اور میڈیا پر بیٹھے رہتے ہیں، ان لوگوں کے بارے میں تاریخ میں ایک لفظ ہے وہ ہے غدار۔

ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ان لوگوں نے غداری کی ہے، چاہے وہ بزدلی کی وجہ سے کی ہو یا پھر پیسے لے کر بکے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں وہ لوگ آچکے ہیں جو بہادر ہیں، نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ پارٹی کا اثاثہ ہیں، انشاللہ ان حالات میں جو لوگ سامنے آرہے ہیں، یہی ہماری لیڈر شپ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لوگوں نے اس پارٹی کو سنبھالنا ہے، ان لوگوں نے ہی پارٹی کو ٹیک اوور کرنا ہے، ہمیں غداروں کی کوئی ضرورت نہیں ہے، ہم لوگ ملکر اپنی تحریک، نظریہ اور اپنے مقصد کے ساتھ جس طرح کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے اور وقت دور نہیں جب ہمیں اپنی منزل ملے گی۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024