رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت کی اپنی جماعت کی حکومت خیبرپختونخوا پر تنقید
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے اپنی ہی پارٹی کی صوبائی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن کو جیلوں میں ڈالنا تھا انہیں حکومت خیبر پختونخوا میں عہدوں پر فائز کر دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیرافضل مروت نےخیبرپختونخوا حکومت کو ایک بار پھر نشانے پر رکھتے ہوئے کہا کہ چند افراد صرف وزارتوں کے مزے لوٹنے کے لیے خیبر پختونخوا کی کابینہ میں شامل ہوئے۔
شیر افضل مروت نے دعویٰٰ کیا کہ ضلع باجوڑ میں جس ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نے ان پر گولیاں چلائیں، اسے پشاور میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن کو جیلوں میں ڈالنا تھا انہیں کے پی حکومت میں عہدوں پر فائز کر دیا گیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آئندہ احتجاج لنگڑے لولے نہیں ہوں گے، گفتگو کے دوران انہوں نے بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمٰن کی قومی اسمبلی میں کی گئی تقاریر کی بھی تعریف کی۔