• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:30pm Maghrib 5:07pm
  • ISB: Asr 3:29pm Maghrib 5:07pm

اسلام آباد: عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کردیا گیا

شائع October 25, 2024
— فوٹو: فائل
— فوٹو: فائل

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے رہا کردیا گیا۔

آج اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کے کیس میں ان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی تھیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت 20، 20 ہزار روپے مچلکوں پر منظور کیں، دونوں روبکاریں 9 گھنٹے گزرنے کےبعد جہلم جیل پہنچیں جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

ان کی رہائی کے موقع پر ضلعی جیل کے باہر علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے ان کا استقبال کیا، پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سیکیورٹی کے لیے موجود تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول و بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی تھی، جس کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوکر پشاور پہنچ گئی تھیں۔

واضح رہے کہ 22 اکتوبر کو علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

قبل ازیں، 19 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علیمہ خان اور عظمی خان کی درخواست ضمانت پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی تھی۔

درخواست پر سماعت انتظامی جج راجا جواد عباس حسن نے کی تھی، انتظامی جج راجا جواد عباس نے ریمارکس دیے تھے کہ میں اس عدالت کا ڈیوٹی جج نہیں، ضمانت پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

یاد رہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا اور اب تک بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت 30 افراد کو ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

8 اکتوبر کو سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا تھا۔

بعد ازاں، 10 اکتوبر کو بھی علیمہ خان اور عظمیٰ خان کا مزید 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔

12 اکتوبر کو عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2024
کارٹون : 26 دسمبر 2024