• KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm

کراچی: دفعہ 144 کے باوجود رواداری مارچ اور ٹی ایل پی احتجاج، 600 افراد کے خلاف مقدمہ درج

شائع October 15, 2024
سندھ رواداری مارچ کی جانب سے بھی اتوار کو مارچ کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
سندھ رواداری مارچ کی جانب سے بھی اتوار کو مارچ کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی پولیس نے اتوار کو احتجاج کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سول سوسائٹی کے تقریباً ایک درجن کارکنوں اور تحریک لبیک پاکستان کے 58 رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ خواتین سے بدسلوکی اور تشدد پر دو ایس ایچ اوز سمیت 10 پولیس اہلکاروں معطل کردیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز کراچی میں سندھ رواداری مارچ اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے بیک وقت احتجاج کے اعلان کے باعث ریڈ زون میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا تھا اس دوران پولسی سے جھڑپوں میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس نے ٹی ایل پی کے 58 رہنماؤں اور کارکنوں سمیت تقریباً 600 افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تصادم اور پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگانے کے الزام میں دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

پیر کو آرٹلری میدان پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر سول سوسائٹی کے 12 کارکنوں سمیت 100 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔

ٹی ایل پی مارچ کے 600 شرکا کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں الزام لگایا گیا کہ ٹی ایل پی کے مسلح کارکنوں نے میٹرو پول ہوٹل کے قریب پولیس اور رینجرز پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد ماجد ہلاک ہوگیا، جھڑپ میں پولیس کی ایک گاڑی کو نذر آتش کیا گیا، دوسری کو نقصان پہنچا اور متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

دوسری جانب کراچی میں ’سندھ سواری مارچ‘ کے شرکا کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد پر دو ایس ایچ او اور سات خواتین کانسٹیبلز سمیت کم از کم 10 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر خواتین اور صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ’غلط استعمال‘ پر پیر کو وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن سے بات کی۔

صوبائی وزیر نے پولیس چیف کو ہدایت کی کہ ڈی آئی جی غربی عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں غیر جانبدارانہ اور شفاف انکوائری کی جائے جو تین دن کے اندر اپنے نتائج پیش کرے۔

ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے ڈان کو بتایا کہ چار ڈی ایس پیز کے خلاف مس کنڈکٹ کی رپورٹ تادیبی کارروائی کے لیے حکام کو ارسال کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چار افسران کو مختلف جگہوں پر سیکیورٹی ڈیوٹی سونپی گئی تھی تاکہ سندھ رواداری کمیٹی اور ٹی ایل پی کے ناموس رسالت مارچ سمیت احتجاج کرنے والے مختلف گروپوں کو روکا جا سکے۔

ادھر سول سوسائٹی کے نمائندوں نے الگ الگ پریس کانفرنسوں میں پولیس کے وحشیانہ اقدامات پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ کی قیادت کی جانب سے جونیئر افسران کی معطلی اور خواتین، دانشوروں، شاعروں، گلوکاروں، صحافیوں اور دیگر غیر مسلح اور پرامن مظاہرین کے خلاف تشدد کی محض مذمت کافی نہیں۔

سندھ ویمن لائرز الائنس کی شازیہ نظامانی نے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور پولیس تشدد کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

پولیس کے ہاتھوں گھسیٹنے اور بدسلوکی کا نشانہ بننے والی خواتین میں شامل ایک لڑکی کے والد دانشور جامی چانڈیو نے کہا کہ ایک طرف تو وزیراعلیٰ سندھ معافی مانگ رہے ہیں لیکن دوسری طرف گلوکار سیف سمیجو سمیت سول سوسائٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے اپنے ان اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جنہوں نے ڈاکٹر کنبھر کو دوران حراست قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کو ہار پہنائے۔

کارکن فہمیدہ ریاض نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ایک لبرل اور ترقی پسند جماعت سمجھا جاتا تھا لیکن اتوار کو پرامن مظاہرین پر تشدد ہماری ٓنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے قاضی خضر نے دفعہ 144 کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو ریاست کا اصل اور سفاک چہرہ بے نقاب ہو گیا۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پولیس ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے قتل میں ملوث اعلیٰ افسران کے خلاف منصفانہ انکوائری نہیں کر سکتی اور قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025