• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

احتجاج کی کال خالی خولی دھمکی، ریڈ زون بالکل محفوظ ہے، عطا تارڑ

شائع October 14, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو خالی خولی دھمکی قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ایئرپورٹ سے لے کر ریڈ زون تک کا علاقہ بالکل محفوظ ہے۔

چینی وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان آمد کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں 27 سال بعد اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد فخر کی بات ہے، چین کے وزیراعظم لی چیانگ کا 11 سال بعد پاکستان آئے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، بلوم برگ نے پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیا، پالیسی ریٹ کم ہونے سےسرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، مہنگائی کی شرح کم ہو کر 6.9 فیصد تک گرچکی، آئی ٹی کی برآمدات کو تیزی سےبڑھایا جارہا ہے، دنیا بھر میں پاکستان کی ابھرتی معیشت کو مثبت انداز میں دیکھاجارہا ہے۔

عطا تارڑ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کینہ اور انا کو جتنا بڑھائیں گے وہ اتنا بڑھے گی، ایک طرف انا پرستی اور ایک طرف حب الوطنی ہے، تاریخی طور پر ہمیشہ سے حق و باطل میں یہی فرق رہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ جو لوگ 9 مئی کے حملے کرسکتے ہیں، شہدا کی یادگاریں مسمار کرکے ان کی بے حرمتی کرسکتے ہیں، جو لوگ ملک کو دیوالیہ کرانے کیلیے آئی ایم ایف کو خط لکھ سکتے ہیں، جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی لیڈر پاکستان سے بڑا ہے تو میں یہ بات واضح کردوں کہ مجھ سمیت کوئی سیاسی جماعت اور کوئی سیاسی رہنما پاکستان سے بڑا نہیں ہے۔

عطا تارڑ نے کہاکہ جس دن میں یہ سمجھوں گا کہ میری سیاسی جماعت اور میری سیاسی قیادت پاکستان سے بڑی ہے تو مجھے پاکستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان ہے تو سیاستدان ہیں، پاکستان ہے تو یہ ساری گہما گہمی اور رونقیں ہیں، یہ وزارتیں، یہ مشیر، یہ عہدے، یہ افسران، سب کچھ پاکستان کے مرہون منت ہے، اگر کوئی کہے گا کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں ، تو اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کی احتجاج کی کال کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ آپس میں لڑے ہوئے ہیں، حامد خان اور علی محمد خان کہتے ہیں کہ احتجاج نہ کریں، کوئی کہتا ہے احتجاج ریکارڈ کرادیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے تو اس احتجاج کا مقصد سمجھ نہیں آتا، یہ غیر سنجیدہ سا احتجاج ہے، یہ خالی خولی دھمکی ہے، ایئرپورٹ سے لے کر ریڈ زون تک کا علاقہ بالکل محفوظ ہے، آرمی، رینجرز اور فوج تعینات ہے اور فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر احتجاج کی کال ضرور دیں مگر یہاں امن و سکون ہے اور مجھے پریشانی کی کوئی بات نظر نہیں آتی۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان میں 27 سال بعد اس سطح کے ایونٹ کا ہونا ہمارے لیے فخر کی بات ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا تشخص بحال ہوا ہے اور جب کوئی ملک اتنی بڑی کانفرنس کی میزبانی کرتا ہے تو اسکی استعداد کے بارے میں بھی یہ اچھی بات ہوتی ہے کہ ہمارے اندر یہ صلاحیت ہے کہ اہم ایونٹ کرواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس کے کامیاب انعقاد سے یہ امید پیدا ہوتی ہے کہ ہمارے اندر یہ صلاحیت موجود ہے کہ کل کوئی ورلڈ کپ یا کھیلوں کا بڑا بین الاقوامی مقابلہ ہوتو ہم اسے احسن طریقے سے منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس کانفرنس کے انعقاد سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024