• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

ڈراموں کیلئے متعدد بار بال سیدھے کروانے سے روکا گیا، حاجرہ یامین

شائع October 14, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول اداکارہ حاجرہ یامین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں متعدد ڈراما سازوں نے بال سیدھے کروانے سے روکا اور کہا کہ وہ انہیں ایسی ہی اچھی لگتی ہیں، انہیں ایسا ہی دکھایا جائے گا۔

حاجرہ یامین نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران اداکارہ نے اعتراف کیا کہ اگرچہ کراچی میں رہائش اختیار کرنا مشکل تھا، تاہم وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے یہاں اچھے دوست بن گئے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تھیٹر سے اداکاری کا آغاز کیا، ان کی پیدائش پنجاب کے شہر ملتان میں ہوئی، ان کی زندگی سعودی عرب اور راولپنڈی میں گزرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں بھی گزری لیکن اداکاری کی وجہ سے انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کی۔

ایک اور سوال کے جواب میں حاجرہ یامین نے کہا کہ اگرچہ انہیں فٹنیس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن انہوں نے کبھی ایسی تنقید پر توجہ نہیں دی۔

اداکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متحرک رہنا ایک مکمل کام ہے جو وہ نہیں کر سکتیں لیکن جو لوگ سوشل میڈیا پر متحرک ہیں، وہ ان کے کام اور محنت کو سراہتی ہیں۔

حاجرہ یامین کے مطابق 10 سے 12 گھنٹے تک شوٹنگ کرنے کے بعد ان میں سوشل میڈیا استعمال کرنے کی ہمت نہیں رہتی، اس لیے وہ وہاں زیادہ متحرک نہیں لیکن جو بھی وہاں متحرک ہیں، وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔

شوبز میں خوبصورتی کے معیار سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے تسلیم کیا کہ اب انڈسٹری میں کچھ تبدیلیاں آئی ہیں لیکن انہوں نے زیادہ تر تفریق کا سامنا نہیں کیا۔

ان کے مطابق ایک دو بار انہیں ڈراما سازوں نے کچھ چیزوں کی وجہ سے انہیں کاسٹ نہیں کیا اور انہیں خوبصورتی بڑھانے کا مشورہ دیا گیا لیکن انہوں نے ان کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، پھر انہیں دوسرے ڈراما سازوں نے کاسٹ کرلیا۔

حاجرہ یامین نے بتایا کہ انہوں نے کبھی کسی کی جانب سے ملنے والے مشوروں کو سنجیدہ نہیں لیا اور نہ ہی ان پر عمل کیا، البتہ انہیں اپنے بال سیدھے کروانے سے منع کیا گیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی تھیں کہ وہ اپنے بال سیدھے کروائیں لیکن ڈراما سازوں نے انہیں ایسا کرنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بالوں کی وجہ سے ہی وہ انہیں کاسٹ کرتے ہیں، وہ انہیں ایسی ہی اچھی لگتی ہیں۔

حاجرہ یامین کے مطابق اب شوبز انڈسٹری میں خوبصورتی سے زیادہ سوشل میڈیا پر شہرت کو دیکھا جاتا ہے، جس کے زیادہ فالوورز ہوتے ہیں، انہیں کاسٹ کرلیا جاتا ہے۔

اگرچہ حاجرہ یامین نے بتایا کہ انہیں متعدد بار بال سیدھے کروانے سے روکا گیا لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں بتایا۔

ان سے قبل اداکارہ نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں متعدد بار اپنے بال کٹوانے یا چھوٹے کروانے کے مشورے دیے گئے جب کہ ایک ڈراما ساز نے بال نہ کٹوانے پر انہیں کاسٹ کرنے سے ہی منع کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024