سندھ میں کرپشن کا نظام چل رہا ہے جسے سسٹم کہا جاتا ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن کا نظام چل رہا ہے جسے سسٹم کہا جاتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سسٹم میں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن ہی کرپشن ہے، افسوس کی بات ہے کہ اس سسٹم پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے شہر قائد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہری شدید اذیت سے دوچار ہوئے ہوئے ہیں، شہر کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، سیوریج کا بوسیدہ نظام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے دنوں ابھی برسات ہوئی سڑکیں خستہ حال ہوگئی ہیں، مزید کہا کہ نچلی سطح تک اختیارات نہیں پہنچائے جارہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس شہر کے وسائل پورے پاکستان میں تقسیم ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی سڑکوں کی مرمت وتعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی منظوری دی تھی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کراچی میں بارشوں کے باعث متاثر سڑکوں کی مرمت سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع میں سڑکوں کی پیچ ورک کی ضرورت ہے، یہ تمام سڑکیں بارشوں میں خراب ہوگئی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے ایم سی کو ہدایت جاری کی تھی کہ جو سڑکیں تعمیر کریں اس کے نکاسی آب کا نظام بھی بنائی، ہر سڑک کی سروس لائن بھی ضروری بنائی جائے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ ان تمام کاموں کی مرمت و تعمیر کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی ضروت ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ شہر کراچی کی بہتری کے لیے کے ایم سی فوری کام شروع کروائے جس پر میئر کراچی نے جواب دیا تھا کہ کے ایم سی نے ٹینڈر کر دیئے ہیں اور جلد کام شروع کیا جائے گا۔