چیچنیا کے شہر گروزنی میں پیٹرول اسٹیشن پر آگ لگنے سے 4 افراد ہلاک
چیچنیا کے مرکزی شہر گروزنی میں ایک پیٹرول اسٹیشن میں آگ لگنے سے دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حکام نے چیچنیا کے مرکزی شہر گروزنی میں جلی ہوئی کاروں کے ساتھ تقریباً مکمل طور پر تباہ شدہ پٹرول اسٹیشن پر آگ بجھانے والے دو درجن سے زائد فائر فائٹرز کی تصاویر جاری کیں۔
روس وزارت ایمرجنسی نے اپنے بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے اس واقعے میں دو بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ آگ بجھا دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پیٹرول اسٹیشن گروزنی کے محمد علی ایونیو پر واقع ہے جو چیچن دارالحکومت کے مرکز کے قریب ہے۔
سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بڑا دھماکے کے بعد شعلے فضا میں بلند ہو رہے ہیں۔
روس کے شمالی قفقاز کے علاقے میں حال ہی میں سروس اسٹیشنوں پر کئی مہلک دھماکے دیکھے گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ پڑوسی علاقے داغستان میں ایک پیٹرول اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اگست 2023 میں داغستان میں اسی طرح کے ایک دھماکے میں 35 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔