پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
تحریک انصاف نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں احتجاج کی منسوخی کا اعلان بھی کردیا۔
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بطورِ خاص ظلم کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
اس نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کے لیے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کرلے گئے۔
پی ٹی آئی کسی کے اشارے پر ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے، عطا تارڑ
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے بھی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پندرہ اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کرے گی۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’ان فوکس‘ میں بات چیت کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی پارٹی کے احتجاج میں حصہ لیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے احتجاج کے اعلان سے کوئی حیرت نہیں ہوئی۔
پروگرام ’ان فوکس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کے چہرے پر کالک ملنے کا کام کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ ایسے نازک مرحلے پر اسلام آباد پر ایک اور چڑھائی نا صرف قابل قبول ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تحریک انصاف یا تو کسی کے اشارے پر عمل کر رہی ہے یا کھلم کھلا ملکی مفاد کے خلاف کام کر رہی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ایس سی اوسربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے سلامتی کی صورتحال پرمکمل توجہ مرکوز ہے، شرپسند عناصر کو کسی قسم کارخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ رکن ملکوں کے سربراہان اور مندوبین کابھرپورخیرمقدم کریں گے، یقین ہے کہ ہمارے مہمان پاکستان کامثبت تشخص ساتھ لے کر جائیں گے، سازشی ذہنیت رکھنے والے عناصر گھر بیٹھ کر سکون کریں، ایس سی او سربراہ اجلاس کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لیے مکمل تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس علاقائی تعاون وترقی کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے، انشا اللہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرتارہے گا، چینی وزیراعظم کےدورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے ہوں گے، ایس سی او اجلاس معاشی لحاظ سے بہت اہم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنے گا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف نے احتجاج کی کال ایسے وقت میں دی ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس ہو رہی ہے، اس اجلاس میں متعدد ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم شریک ہو رہے ہیں۔