• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آزادی کے نعرے لگانے والوں کا اصل مقصد بھتہ خوری ہے، گورنر بلوچستان

شائع October 11, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے دکی میں کان کنوں کے قتل کو دلخراش واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے نعرے لگانے والوں کا اصل مقصد بھتہ خوری ہے، ایسے عناصر کی سرکوبی کی جائے۔

گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل کا وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ انتہائی غیرانسانی واقعہ ہے، ایک طرف آپ آزادی کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف غریب مزدوروں کو قتل کرتے ہیں، آج تک دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مزدور مزدور ہوتا ہے، پہلے کہتے تھے کہ یہ پنجاب سے آئے ہیں اس لیے انہیں قتل کر رہے ہیں، اب یہ جو مزدور قتل کیے ہیں ان میں بیشتر پختون ہیں کیونکہ کوئلے کی کان میں بیشتر پختون کام کرتے ہیں یا تھوڑے بہت ہزارہ والے ہوتے ہیں۔

جعفر مندوخیل نے کہا کہ دہشت گردوں کے عمل سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا اصل مقصد بھتہ خوری ہے۔

انہوں نے دکی واقعے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کریں گے اور ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر مزدور پورے خاندان کا واحد کفیل ہوتا ہے، دہشت گردوں نے خاندان کے واحد کفیل کو بےدردری شہید کیا، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم کا فون آیا تھا انہوں نے واقعے پر شدید دکھ کا اظہارکیا، وزیراعظم آئندہ دو سے تین دن میں کوئٹہ کا دورہ کریں گے اور خود شہید مزدوروں کے خاندانوں کے دکھ میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کا گورنر بلوچستان اور وزیراعلیٰ سے ٹیلی فونک رابطہ

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ شہبازشریف نے دکی میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعظم نے جاں بحق کان کنوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی حکومت شہدا کے خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں، دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ دکی میں گزشتہ رات کوئلے کی کان پر مسلح افراد کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے، واقعے کے خلاف دکی میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ مزدوروں کے ورثا نے باچا خان چوک پر لاشیں رکھ کر دھرنا دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 نومبر 2024
کارٹون : 19 نومبر 2024