• KHI: Fajr 5:13am Sunrise 6:29am
  • LHR: Fajr 4:43am Sunrise 6:04am
  • ISB: Fajr 4:48am Sunrise 6:10am
  • KHI: Fajr 5:13am Sunrise 6:29am
  • LHR: Fajr 4:43am Sunrise 6:04am
  • ISB: Fajr 4:48am Sunrise 6:10am

ڈی چوک پر احتجاج، سلمان اکرم راجا کو دو مقدمات میں 19 اکتوبر تک عبوری ضمانت مل گئی

شائع October 10, 2024
جج ابوالحسنات نے سلمان اکرم راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی عزت کرتا ہوں — فائل فوٹو
جج ابوالحسنات نے سلمان اکرم راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی عزت کرتا ہوں — فائل فوٹو

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج سے متعلق دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا کی 19 اکتوبر تک کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں تحریک انصاف کے وکلا سلمان صفدر، سلمان اکرم راجا، علی بخاری بھی موجود تھے۔

سلمان اکرم راجا نے دو مقدمات میں ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

جج ابوالحسنات نے سلمان اکرم راجا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی عزت کرتا ہوں۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سلمان اکرم راجا کی 20، 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض 19 اکتوبر تک کے لیے عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔

واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، عظمیٰ خان، رہنما اعظم سواتی اور سلمان اکرم راجا سمیت کئی کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے احتجاج اور تشدد سے متعلق اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج ہیں، جن میں سیکریٹریٹ، سی ٹی ڈی، رمنا، سنگجانی، گولڑہ، کراچی کمپنی، ترنول، سنبل، نون، انڈسٹریل ایریا، کوہسار اور آبپارہ تھانے شامل ہیں۔

حسن ابدال کے تازہ مقدمے میں عمران خان، عظمیٰ خان، علیمہ خان، علی امین گنڈا پور، عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم، شوکت بسرا، زین قریشی، نعیم حیدر، اعظم سواتی، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی صغریٰ بی بی، صوبائی وزیر عاقب خان، سابق وزیر زادہ، 11 ارکان صوبائی اسمبلی کے علاوہ 3 ہزار سے زائد کارکنان کے نام شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 11 اکتوبر 2024
کارٹون : 10 اکتوبر 2024