سابق اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو کراچی میں انتقال کر گئے
قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر الہی بخش سومرو کراچی میں انتقال کرگئے۔
دان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ بزرگ سیاستدان گزشتہ کئی دنوں سے علیل تھے۔
ان کے پوتے سردارزادہ مولا بخش سومرو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری اپنے بیان میں ان کی موت کے حوالے سے بتایا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل دوپہر ایک بجے کراچی میں ادا کی جائے گی۔
ممتاز سیاسی شخصیت الٰہی بخش سومرو نے 1997 سے 2001 تک قومی اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
جنوری میں کئی چینلز نے ان کی موت کی خبر نشر کی تھی تاہم، ان کے خاندان کے ایک رکن نے تصدیق کی تھی کہ یہ رپورٹس غلط ہیں اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اس وقت زندہ تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے الہیٰ بخش سومرو کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ الہیٰ بخش سومرو زیرک مدبر، سینئر سیاسی رہنما تھے، ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔