• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

’ہمسفر‘ میں فواد خان کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی، شان شاہد کا انکشاف

شائع October 9, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماضی کے مقبول فلمی ہیرو شان شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان کے مشہور ترین ڈرامے ’ہمسفر‘ میں فواد خان کے کردار کی پیش کش ہوئی تھی۔

شان شاہد نے حال ہی میں سما ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر سمیت شوبز انڈسٹری پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری سمیت ڈراما انڈسٹری میں کہانیوں کی کمی ہے، اچھے اسکرپٹ نہیں لکھے جا رہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے اتنے سارے بڑے ٹی وی چینلز ہیں، انہیں اپنے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز بنانے چاہیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانیوں سے نیٹ فلیکس یا دوسرے او ٹی ٹی پلیٹ فارم مواد نہیں خرید رہا تو ٹی وی چینلز اپنے پلیٹ فارم بنا کر اپنی چیزیں بیچنا شروع کریں۔

ڈراموں میں کام کرنے کے سوال پر شان شاہد نے کہا کہ حالیہ وقت میں انہیں کسی ڈرامے میں کام کی پیش کش نہیں ہوئی اور نہ ہی انہیں آج کل کے اسکرپٹ اچھے لگتے ہیں۔

ان کے مطابق آج کل کے ڈراموں کی کہانیاں دیکھ کر ان کا دل ڈراموں میں کام کرنے کے لیے نہیں کرتا، تاہم اگر انہیں کسی اچھے اور منفرد کردار کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور ڈراموں میں کام کریں گے۔

اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں مشہور ڈرامے ’ہمسفر‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن اس وقت وہ بہت مصروف تھے، اس لیے وہ کام نہیں کر پائے۔ ان کے مطابق انہیں ڈرامے میں مرکزی کردار کی پیش کش ہوئی تھی جو فواد خان نے ادا کیا۔

شان شاہد کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت فواد خان کو بھی جانتے تھے، وہ ان کے ساتھ کام کر چکے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں ’ہمسفر‘ میں فواد خان کے کردار ’اشعر‘ کی پیش کش ہوئی تھی لیکن وہ اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ کردار نہیں کر سکے۔

خیال رہے کہ ’ہمسفر‘ کو 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں ماہرہ خان اور فواد خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

دونوں نے شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کیا تھا، جن کی ازدواجی زندگی میں متعدد مسائل دکھائے گئے تھے۔

ڈرامے کی ہدایات سرمد کھوسٹ نے دی تھیں جب کہ اس کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی تھی۔

اس میں عتیقہ اوڈھو، حنا خواجہ بیات، بہروز سبزواری اور نور حسن رضوی نے سپورٹنگ کردار ادا کیے تھے۔

رومانوی کہانی پر مبنی ڈراما سیریل نے پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں بھی کافی پذیرائی سمیٹی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024