• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی: مبینہ بھارتی ایجنٹ 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

شائع October 9, 2024
— فائل فوٹو:ڈان اخبار
— فائل فوٹو:ڈان اخبار

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے کیس میں بھارتی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ (را) کے مشتبہ ایجنٹ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے ایک روز قبل اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے دعویٰ کیا تھا کہ را کے ایجنٹ محمد سلیم کو ماڑی پور کے علاقے سے گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے مبینہ بھارتی جاسوس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دستاویزات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گزشتہ روز کیس کے تفتیشی افسر نے ملزم کو کلفٹن میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کے روبرو پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے 14 روز پولیس تحویل میں دینے کی استدعا کی۔

تاہم عدالت نے ملزم کو 2 روز کے لیے پولیس تحویل میں دے دیا اور تفتیشی افسر کو اگلی تاریخ پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

ایس آئی یو حکام کے مطابق آپریشن کے دوران دستی بم، ایک راکٹ لانچر، نائن ایم ایم پستول اور مختلف محکموں کے متعدد جعلی سروس کارڈز قبضے میں لیے گئے ہیں۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے پاس سے مختلف ناموں سے متعدد پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے جبکہ شواہد اور دستاویزات سے پتا چلا ہے کہ ملزم کے براستہ نیپال متعدد بار بھارت گیا ہے۔

تفتیشی افسر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم را کی طرف سے کراچی میں مبینہ طور پر حساس معلومات اکٹھا کر رہا تھا اور تخریبی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔

ایس آئی یو تھانے میں سندھ آرمز ایکٹ 2013 کی دفعہ 23 (1) اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024