• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو نشان پاکستان سے نواز دیا

شائع October 3, 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان سے نوازا— فوٹو: اے پی پی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان سے نوازا— فوٹو: اے پی پی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو اسلامی امور کی حمایت اور پاکستان کے بہترین دوست ہونے کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نواز دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزرا، وزیر اعلیٰ سندھ اور بلوچستان، گورنر پنجاب اور دیگر رہنماؤں اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں نشان پاکستان سے نوازا۔

صدر مملکت اور انور ابراہیم نے ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم علامہ اقبال کے شیدائی ہیں اور ان کے کام کو اپنے لیے تحریک کا ذریعہ سمجھتے ہیں، ملائیشین وزیر اعظم اپنے سیاسی کیریئر میں ہمیشہ انسانیت کے مسائل کے حل اور اسلامی اقدار کے علمبردار رہے ہیں اور ان کی قیادت انصاف کے فروغ اور اسلامی دنیا کو درپیش عالمی مسائل کے حل کے لیے گہری وابستگی سے عبارت ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ وہ خود ارادیت کی تحریکوں کے حامی رہے ہیں اور دنیا بھر میں ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں، ان کی جدوجہد اسلاموفوبیا کے خلاف اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جاری ہے تاکہ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے درمیان افہام و تفہیم اور احترام کو فروغ دیا جا سکے۔

اس کے بعد صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک سرکاری ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔

یاد رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم گزشتہ روز تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

آج صبح ملائشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے تو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

ملائشیا کے وزیر اعظم کی وزیر اعظم ہاؤس آمد پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور انوار ابراہیم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025