• KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:58am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:04am
  • KHI: Fajr 5:10am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:38am Sunrise 5:58am
  • ISB: Fajr 4:42am Sunrise 6:04am

میکسیکو: ہائی وے پر تعاقب کے دوران فوجی اہلکاروں کی فائرنگ، 6 تارکین وطن ہلاک

شائع October 3, 2024
— فوٹو:اے ایف پی
— فوٹو:اے ایف پی

میکسیکو میں فوجیوں نے ایک ہائی وے پر مشتبہ گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 6 تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میکسیکو کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گشت پر موجود اہلکاروں کو مصر، نیپال، کیوبا، بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 33 تارکین وطن کا پتا چلا۔

تاہم جنوبی چیاپاس ریاست میں منگل کی رات پیش آئے واقعے کے حوالے یہ نہیں بتایا کہ جن لوگوں کی موت ہوگئی، ان کا تعلق کس ملک سے تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کلاڈیا شین بام نے میکسیکو کی نئی صدر کے طور پر انسانی حقوق کا احترام کرنے اور سیکیورٹی فورسز کے جبر سے بچاؤ کے عزم کے ساتھ عہدہ سنبھالا ہے۔

وزارت دفاع کے بیان کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 اہلکاروں کو تحقیقات تک ان کے عہدے سے معطل کردیا گیا۔

بیان کے مطابق گشت پر موجود اہلکاروں نے ایک تیز رفتار ٹرک کو دیکھا، جو بظاہر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، فوجی اہلکاروں نے گولیوں کی آوازیں سنیں، جس کے بعد دو فوجیوں نے اپنے ہتھیار نکال کر ٹرکوں کو روکا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ چار تارکین وطن کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 12 زخمیوں میں سے 2 نے ہسپتال میں دم توڑ دیا، مزید کہا گیا کہ 17 تارکین وطن محفوظ ہیں جن کو امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے ایک ٹرک کا تعاقب کیا، جب وہ اسے روکنے میں ناکام رہے تو گولیاں چلائیں۔

بہت سے ممالک سے ہزاروں تارکین وطن ہر سال میکسیکو کے راستے بسوں، بھرے ٹریلرز اور مال بردار ٹرینوں سے امریکا اور میکسیکو کی سرحد تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

دسمبر 2021 میں چیاپاس میں ایک ٹرک کے الٹنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں تقریباً 160 افراد موجود تھے، حادثے میں 56 وسطی امریکی تارکین وطن ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق میکسیکو کے راستے امریکا پہنچنے کے لیے 2014 سے اب تک امریکا میں 9,800 سے زیادہ تارکین وطن ہلاک اور لاپتا ہو چکے ہیں۔

مارچ 2023 میں سرحدی شہر سیوڈ جوریز کے ایک حراستی مرکز میں آگ لگنے سے 40 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔

سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج سے یہ انکشاف ہوا تھا کہ آگ لگنے کے بعد نہ تو امیگریشن اور نہ ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے تارکین وطن کو نکالنے کی کوشش کی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 3 اکتوبر 2024
کارٹون : 2 اکتوبر 2024