• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

شائع October 2, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سینٹرل جیل اڈیالہ میں کی، دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے وکیل ذوالفقار عباسی نقوی اور عمیر مجید لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

وکیل انتظار پنجھوتہ نے جج سے استدعا کی ملزمان کی جانب سے وکیل کی تقرری نہ ہو سکی، ہمیں وقت دیا جائے، پہلے مقدمے کی سماعت آئندہ منگل کے بعد تک ملتوی کی جائے تاکہ ملزمان اپنی پیروی کے لیے اچھے وکیل کا تقرر کرسکیں۔

پراسیکیوشن نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے وکیل کی جانب سے سماعت اگلے منگل تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کی جائے۔

پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا کہ عدالت ملزمان کو وکیل مقرر کرنے کے لیے اتنی لمبی تاریخ نہ دے،کل ملزمان سے ملاقات کا دن ہے،کل ہی ملزمان اپنے وکلا سے بیٹھ کر وکیل کا تقرر کر لیں۔

بعد ازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی گئی۔

دوسری جانب 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بھی نیب کے آخری گواہ پربشریٰ بی بی کے وکیل کی جرح مکمل نہ ہو سکی، جس کے سبب سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے کہ 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کا فیصلہ جلد کرنے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تین صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق مجسٹریٹ کے لیے 3 دن میں ضمانت کا فیصلہ کرنا لازم ہے۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024