بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا بی ایل اے کےخلاف آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے 12 ستمبر کو کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ٹھکانوں پر کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 12 ستمبر کو بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کامیاب آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران کالعدم بی ایل اے کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 سرگرم دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے۔
ہلاک دہشتگردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادر مری عرف انجیر بلوچ شامل ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بی ایل اے کے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے اور یہ بلوچستان لبریشن آرمی کے لیے بڑا دھچکا ہے۔