سیالکوٹ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ، 7 افراد ہلاک

شائع October 1, 2024
فائل فوٹو: ڈان
فائل فوٹو: ڈان

صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے جہاں پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیالکوٹ کے علاقے مالوکے بھلی میں تھانہ قلعہ کالر والا کی حدود میں پیش آیا جہاں ملزمان نے نہر بی آر بی کے کنارے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جن کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقتولین کا ضلع شیخوپورہ میں زمین کا تنازع تھا۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور شیخوپورہ پولیس کے ساتھ مل کر ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقتولین کے ورثا کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے اور سفاک ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 2 اکتوبر 2024
کارٹون : 1 اکتوبر 2024