• KHI: Asr 4:23pm Maghrib 5:59pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:15pm
  • ISB: Asr 3:37pm Maghrib 5:15pm
  • KHI: Asr 4:23pm Maghrib 5:59pm
  • LHR: Asr 3:38pm Maghrib 5:15pm
  • ISB: Asr 3:37pm Maghrib 5:15pm

فیکٹ چیک: عمران خان کی جانب سے نواز شریف کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو جعلی ہے

شائع October 1, 2024 اپ ڈیٹ October 2, 2024

سوشل میڈیا پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی جانب سے نواز شریف کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو شیئر کی گئی جو کہ دراصل عمران خان کی جانب سے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی تعریفیں کرنے کی تھی اور مذکورہ ویڈیو کو ایڈٹ کرکے پھیلایا گیا۔

ویڈیو سے متعلق دعویٰ

سوشل میڈیا اور خصوصی طور پر ایکس پر پھیلائی گئی ویڈیو میں عمران خان نواز شریف کی تعریفیں کرتے دکھائی دیتے ہیں اور مذکورہ ویڈیو ایڈٹ شدہ ہے۔

ویڈیو کس طرح پھیلی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی جانب سے 30 ستمبر کو ایکس پر ویڈیو پھیلانا شروع کی گئی، جس میں عمران خان اپنے حریف نواز شریف کی تعریفیں کرتے ہوئے اور انہیں ملک کے لیے اٹھ کھڑے ہونے اور لڑنے کے لیے سراہتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے کیپشن لکھا کہ انہیں وہ کلپ ملا جسے مسلم لیگ ن کی سوشل میڈیا ٹیم نے بھی نہیں اٹھایا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ نواز شریف سے ان کے بے شمار اختلافات ہیں لیکن وہ ایک آزاد لیڈر ہیں جو پاکستان کی عزت کے لیے کھڑے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو کو کچھ ہی گھنٹوں میں ایک لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا جب کہ اس پر 1300 سے زائد ری ایکشنز دیے گئے تھے۔

مذکورہ ویڈیو کو جس اکائونٹ کی جانب سے شیئر کیا گیا تھا، اسے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے آفیشل اکائونٹ نے بھی فالو کر رکھا ہے۔

اسی ویڈیو کو دیگر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی شیئر کیا اور کسی نے بھی ویڈیو سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

ویڈیو کو ایڈٹ کرکے پھیلا یا گیا

لیکن درحقیقت مذکورہ ویڈیو جعلی ہے اور اسے عمران خان کی پرانی ویڈیو سے ایڈٹ کرکے پھیلایا گیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کو صحیح انداز میں دیکھا جائے تو ویڈیو چلنے کے تین سیکنڈ اور پھر 9 سیکنڈز بعد ویڈیو میں تبدیلی محسوس ہوتی ہے۔

عمران خان کی مذکورہ ویڈیو میں آواز کو تبدیل کرکے اس پر ڈبنگ کرکے ویڈیو کو پھیلایا گیا۔

عمران خان اصل ویڈیو 24 نیوز کے یوٹیوب چینل پر 15 مارچ 2022 کو اپ لوڈ کی گئی تھی، جس میں وہ اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو کی تعریفیں کرتے ہیں۔

عمران خان کی 90 سیکنڈز کی ویڈیو میں وہ ذوالفقار علی بھٹو کی تعریفیں کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے بھٹو سے متعدد اختلافات تھے لیکن وہ مانتے ہیں کہ وہ اپنی اور ملک کی عزت و خودمختاری کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔

ویڈیو جعلی ہے

ویڈیو میں عمران خان کی جانب سے اپنے حریف نواز شریف کے حق میں کی گئی باتیں جھوٹی ہیں، ویڈیو کو ایڈٹ اور ڈبنگ کرکے پھیلایا گیا، ویڈیو جعلی ہے۔

عمران خان اصل ویڈیو میں ذوالفقار علی بھٹو کی تعریفیں کرتے ہیں جو کہ آج بھی یوٹیوب پر موجود ہے۔

عمران خان کی اصل ویڈیو یہاں دی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025