• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

’کبھی میں، کبھی تم‘ میں نظر آنے والی گم شدہ پینٹنگز آرٹسٹ کو مل گئیں

شائع September 30, 2024
—فوٹو: اے آر وائی ڈیجیٹل
—فوٹو: اے آر وائی ڈیجیٹل

مبینہ طور پر فریئر ہال سے چوری ہونے والی پینٹنگز جو کہ کچھ ہفتے قبل مشہور ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں نظر آئیں تھیں، وہ حقیقی آرٹسٹ مالک کے حوالے کردی گئیں۔

رواں ماہ ستمبر کے وسط میں ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی سے تعلق رکھنے والے نوجوان آرٹسٹ صفدر علی المعروف صفی سومرو نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کے ایک سین میں ان کی 7 سال قبل چوری ہونے والی پینٹگنز دکھائی گئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرامے کے کرداروں ’عدیل اور نتاشا‘ پر فلمائے گئے ایک منظر میں ان کی چوری شدہ پینٹنگز دکھائی گئیں جو کہ انہوں نے فریئر ہال میں نمائش کے دوران رکھی تھیں، جہاں کی انتظامیہ نے انہیں ماضی میں بتایا تھا کہ مذکورہ پینٹنگز چوری ہوگئیں۔

صفدر علی نے 2017 میں کراچی میں ہونے والی نمائش میں کراچی کے فریئر ہال میں جمع کرائے تھے، جسے انہوں نے ’انوسینٹ فیسز‘ یعنی ’معصوم چہروں‘ کا نام دیا تھا، اس نمائش کے ضوابط کے مطابق اگر فن پارے بِک جاتے ہیں تو اس کی رقم مصور کو ادا کی جاتی اور نہ بِکنے کی صورت میں فن پارے مصور کے حوالے سے کردیے جاتے۔

تاہم اس نمائش سے متعلق صفدر علی کو بتایا گیا تھا کہ ان کے فن پارے فروخت نہیں ہوئے ہیں اس پر مصور نے نمائش آرگنائزرز سے فن پارے واپس کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر ایک ماہ بعد بذریعہ فون جواب دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ان کی پینٹنگز گُم ہو چکی ہیں۔

بعد ازاں مذکورہ پینٹنگز ’کبھی میں، کبھی تم‘ ڈرامے میں نظر آئیں تو انہوں نے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی، جس کے بعد محکمہ ثقافت سندھ نے معاملے کی تفتیش کے لیے کمیٹی قائم کی تھی۔

سندھ حکومت کی تفتیشی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ صیفی سومرو کی پینٹنگز چوری نہیں ہوئیں بلکہ وہ اب بھی فیریئر ہال میں موجود ہیں لیکن نمائش کے لیے پینٹنگز کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا رہا، جس بنا پر کنفیوژن ہوئی کہ پینٹنگز چوری ہوئی ہیں۔

اب فیریئر ہال انتظامیہ نے مذکورہ پینٹنگز حقیقی آرٹسٹ مالک کو دے دیں اور انہوں نے اپنی فیس بک ویڈیو میں پینٹنگز ملنے کی تصدیق کی۔

ویڈیو میں صیفی سومرو نے بتایا کہ انہیں پہلے ہی 30 ستمبر کو آکر اپنی پینٹنگز لے جانے کا کہا گیا تھا اور اب انہوں نے اپنے فن پارے کئی سال بعد واپس لے لیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سات سال کے دوران ان کی پینٹنگز کو مختلف نمائشوں اور ڈراموں میں دکھا کر کروڑوں روپے کمائے گئے، انہیں بھی رائلٹی دی جائے۔

صیفی سومرو نے آواز اٹھانے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میڈیا کی بدولت ہی انہیں ان کی پینٹنگز ملیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024