• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بلوچستان: موسیٰ خیل میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ، مشینری اور گاڑیاں نذرآتش

شائع September 30, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور 7 بلڈوزر سمیت مشینری اور گاڑیوں کو آگ بھی لگائی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل درگ کے علاقے سیوا راگ میں کیمپ ایریا میں داخل ہوئے، انہوں نے مزدوروں پر قابو پانے کے بعد کیمپ میں توڑ پھوڑ کی اور مشینری، 7 بلڈوزر اور ایک پک اپ وین کو آگ لگا دی۔

لورالائی کمشنر سعادت حسین نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد دہشت گردوں نے کیمپ کا محاصرہ کیا اور مزدوروں کو وہاں سے جانے کو کہا، انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے 7 بلڈوزر اور ایک پک اپ کو آگ لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی نے ضلع موسیٰ خیل کے علاقے درگ میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی گیس کمپنی کی طرف جانے والی ایک سڑک تعمیر کی تھی، انہوں نے کہا کہ مسلح دہشت گردوں کے حملے کے وقت کیمپ میں 17 مزدور اور دیگر عملہ موجود تھا۔

کمشنر نے مزدوروں کے اغوا سے متعلق کچھ میڈیا رپورٹس کی تردید کی، انہوں نے گیس کمپنی کے کیمپ پر حملے سے متعلق بھی تردید کی، مزید کہنا تھا کہ فرنٹیئر کورپس گیس کمپنی کے کیمپ کو سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے، جس کیمپ پر حملہ کیا گیا وہ ایک نجی تعمیراتی کمپنی کا تھا، جو گیس کمپنی کے کیمپ سے بہت دور واقع ہے۔

ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان مندوخیل نے بھی مزدوروں کے اغوا کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سڑک پر کام کرنے والے تمام مزدور محفوظ ہیں، مقامی انتظامیہ نے کیمپ کو محفوظ بنانے کے لئے اضافی تعیناتی کے ساتھ علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024