جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے معصوم شہریوں کو ورغلایا جاتا ہے، سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے معصوم شہریوں کو ورغلایا جاتا ہے، ریاست باربار ماں کا کردار ادا کررہی ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بلوچ بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کےلیےاقدامات اٹھا رہےہیں، ہماری بچیوں کو صرف ڈالر کی خاطر جنگ کے ایندھن میں دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا پنجگور کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے سوال کیا کہ پنجابیوں کو مار کر کیسے بلوچستان آزاد کیا جاسکتا ہے؟
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنا افسوسناک ہے، ریاست بار بار ماں کا کردار ادا کررہی ہے، بلوچستان کے حقوق کی بات آئین میں واضح ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہمیں دیوار سےلگانے کی کوشش نہ کی جائے اور مجبور نہ کیا جائے کہ ہم وہ کام شروع کردیں جس سے عام شہریوں کا نقصان ہو۔
انہوں نے کہا ہم ہمیشہ سے بلوچستان میں فوجی آپریشنز کی مخالفت کرتے آئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کو ختم کیا جائے۔