• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماؤں کی پنجگور میں مزدوروں کے قتل کی مذمت

شائع September 29, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب وبلوچستان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے پنجگورمیں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

آصف زرداری نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں، عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہاہی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی جب کہ زخمی مزدوروں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے مقتولین کی بلند درجات کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بےگناہ مزدور علاقے میں گھرکی تعمیرکاکام کررہے تھے، مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی اس گھڑی میں سوگوارخاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے زخمی مزدور کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ بےگناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

دوسری جانب وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بےگناہ مزدوروں کا قتل قابل مذمت ہے، آج پھر دھرتی پر بےگناہوں کا لہو گرا، دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بےگناہوں کے قتل کا حساب دنیا اور آخرت دونوں میں دیں گے، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بےگناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشتگرددوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پروارکیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجگور میں بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔

’مزدور رجسٹرڈ نہیں تھے جس کا دہشتگردوں نے فائدہ اٹھایا‘

ادھر ترجمان بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ مزدوروں کا قتل افسوسناک واقعہ ہے، مزدور رجسٹرڈ نہیں تھے جس کا دہشتگردوں نے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد آسان اہداف کونشانہ بناتےہیں، مزدوروں کی رجسٹریشن ہوتی تو سیکیورٹی کا بندوبست کیاجاتا، ٹھیکیدار پابند ہوتے ہیں کہ باہر سے آنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مزدوروں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر ذمہ داروں کےخلاف کارروائی ہوگی، حکومت مزدوروں کی رجسٹریشن کرتی ہےتاکہ سیکیورٹی یقینی بنائیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025