• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

اشنا شاہ کا ’پراسوپیگنوسیا‘ میں بھی مبتلا ہونے کا انکشاف

شائع September 28, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ذہنی کمزوری یا یادداشت کی کمی کی بیماری ’پراسوپیگنوسیا‘ (prosopagnosia) کا بھی شکار ہیں۔

اشنا شاہ ماضی میں بتا چکی ہیں کہ وہ ذہنی بیماری ’آبسیسو کمپلسو ڈس آرڈ‘ (او سی ڈی) کا بھی شکار ہیں۔

علاوہ ازیں اشنا شاہ نے کچھ ہی ہفتے قبل بتایا تھا کہ ان میں مرد حضرات میں زائد مقدار میں پائے جانے والے مردانہ جنسی ہارمون ’ٹیسٹوسٹیرون‘ کی سطح زیادہ ہے، جس وجہ سے وہ متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار رہتی ہیں۔

اب انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا ہے کہ وہ ذہنی کمزوری یا یادداشت کی کمی کی بیماری ’پراسوپیگنوسیا‘ کا بھی شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ بعض اوقات جانے پہچانے لوگوں کو بھی نہیں پہچان پاتیں۔

اشنا شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہ کافی عرصے سے ’پراسوپیگنوسیا‘ کا شکار ہیں، جسے عام طور پر لوگ ’فیس بلائنڈ‘ یعنی دوسروں کو نہ پہچان پانے کی بیماری بھی کہتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ مذکورہ مسئلے کو مذاق سمجھتی تھیں لیکن گزشتہ چند سال میں ان کا مذکورہ مسئلہ کافی حد تک بڑھ چکا ہے، جس وجہ سے اب وہ پشیمانی کا شکار بھی ہوجاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بیماری کے دوران متاثرہ شخص بعض اوقات جانے پہچانے لوگوں کو بھی شناخت نہیں کرپاتا اور ایسا ہونے پر شدید شرمندگی بھی ہوتی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے اسٹوری میں لکھا کہ اگر کبھی کسی ملاقات یا محفل کے دوران وہ کسی جان پہچان والے شخص کو پہچان نہ پائیں تو وہ ان سے ناراض نہ ہوں، کیوں کہ وہ ’پراسوپیگنوسیا‘ کا شکار ہیں، جس میں بعض اوقات انسان اس قدر دماغی طور پر اندھا بن جاتا ہے کہ دوسروں کو پہچان نہیں پاتا۔

اشنا شاہ نے امید ظاہر کی کہ ان کی جانب سے مذکورہ بیماری پر بات کرنے سے دوسروں کو حوصلہ ملا ہوگا، کیوں کہ انہیں یقین ہے کہ وہ واحد شخص نہیں جو اس بیماری میں مبتلا ہیں۔

خیال رہے کہ ’پراسوپیگنوسیا‘ دراصل یادداشت کی کمی کی بیماری ہے، جسے ماہرین ذہنی یا دماغی کمزوری کا مسئلہ بھی قرار دیتے ہیں۔

اس بیماری کے شکار افراد کو نہ صرف چہروں کو پہچاننے میں مشکل ہوتی ہے بلکہ چیزوں کو یاد کرنا بھی مشکل بن جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024