خیبرپختونخوا: باجوڑ میں پولیس گاڑی کے قریب بم دھماکا، 3 اہلکار زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیس گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) عبد العزیز نے بتایا کہ دھماکے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) شاہ پور خان سمیت دیگر اہلکار محفوظ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او شاہ پور خان معمول کی گشت پر تھے، پولیس گاڑی پہلے سے سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیڈ کواٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا، مزید کہنا تھا کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پشاور کے علاقے خزانہ شوگر مل کے قریب کچرے کے ڈھیر میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔
خزانہ شوگر مل کے قریب کچرے کے ڈھیر میں دھماکا اس وقت ہوا تھا، جب 10 سالہ بچے نے کچرے سے بارودی مواد کو اٹھایا تھا۔
اس سے قبل 22 ستمبر کو سوات میں غیرملکی سفرا کے قافلے کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے تھے۔