ہم ’جاہل‘ قوم ہیں، امر خان کا اداکاروں پر تنقید پر رد عمل
مقبول اداکارہ و لکھاری امر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی جاہل قوم ہیں، کیوں کہ صرف ہماری قوم ہی اداکاروں پر اچھے اور برے تبصرے کرتی ہے۔
امر خان نے حال ہی میں ایک شوبز ویب سائٹ کو انٹرویو دیا، جس کی ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دوران انٹرویو امر خان نے اوور ریٹڈ اور انڈر ریٹڈ اداکار سے متعلق سوال کیا گیا، جس پر اداکارہ نے اس کا جواب دینے کے بجائے کہا کہ آج کل ہر کوئی ایسے ہی موضوعات پر بات کرتا دکھائی دیتا ہے۔
امر خان کا کہنا تھا کہ ان سے ایسا سوال نہ کیا جائے تو بہتر ہے، ویسے بھی ہر پروگرام میں اوور ریٹڈ اور انڈر ریٹڈ اداکار سمیت کچرا ایکٹر اور بیسٹ ایکٹر کی باتیں ہو رہی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کوئی بھی اداکار دوسرے اداکار پر تبصرہ نہیں کرتا، وہ دوسروں کے حوالے سے اس طرح اپنی رائے نہیں دیتا، یہ صرف ہمارے ہاں ہوتا ہے۔
اس پر میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ایسا یہاں کیوں ہوتا ہے؟ اس پر امر خان نے مسکراکر مختصر جواب دیا کیوں کہ پاکستانی جاہل قوم ہیں۔
وائرل ویڈیو میں امر خان کو مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ اس سے زیادہ وہ مختصر جواب نہیں دے سکتیں۔
امر خان کی جانب سے قوم کو جاہل کہنے کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے بھی کیے اور بعض مداح ان سے اتفاق کرتے دکھائی دیے اور انہوں نے اداکارہ کی بات کو درست قرار دیا۔
کچھ افراد نے لکھا کہ یہ سچ ہے کہ ایک اداکار کو دوسرے اداکار پر اس طرح تبصرے نہیں کرنے چاہیے۔