امریکا: فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی
امریکی ریاست الاباما میں متعدد حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر ٹرومین فٹزجیرالڈ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہمیں یقین ہے کہ برمنگھم کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ ڈسٹرکٹ میں رات 11 بجے کے بعد متعدد شوٹرز نے لوگوں کے ایک گروپ پر گولیاں چلادیں۔
ٹرومین فٹزجیرالڈ نے کہا کہ افسران کو دو مرد اور ایک خاتون بے جان حالت میں فٹ پاتھ پر ملے جو گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں تینوں کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چوتھے متاثرہ شخص کی موت مقامی ہسپتال میں ہوئی، ٹرومین فٹزجیرالڈ نے کہا کہ فائرنگ میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں کم از کم چار کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر کو مختلف زخم آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے فائرنگ کے سلسلے میں کسی کو حراست میں نہیں لیا ہے، عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی کوئی بھی معلومات فراہم کریں جس سے تحقیقات میں مدد مل سکے، تحقیقات میں متعدد ایجنسیاں شامل ہیں جن میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور بیورو آف الکوحل، ٹوبیکو، فائر آرمز اینڈ ایکسپلوزوز خیز مواد شامل ہیں، گن وائلینس آرکائیو (گی وی اے) کے مطابق، اس سال امریکا میں فائر آرمز کے 403 واقعات میں کم از کم 12 ہزار 416 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔