• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پاکستان آنے سے اس لیے کتراتا رہا کہ مجھ پر ایجنٹ کا الزام لگا دیا جاتا، ذاکر نائیک

شائع September 20, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف بھارتی مبلغ اور اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ وہ پاکستان آنے سے اس لیے کتراتے رہے کہ انہیں خدشہ تھا کہ بھارتی حکومت پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ ہونے کا الزام لگا دیتی۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے نادر علی کے پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وہ ماضی میں 1991 یا 1992 میں پاکستان آچکے ہیں جب کہ متعدد بار انہوں نے پاکستان آنے کا منصوبہ بھی بنایا لیکن ہر بار کچھ نہ کچھ مسائل ہوجانے کی وجہ سے ان کا آنا ممکن نہ ہوا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے ذاکر نائیک نے بتایا کہ 2016 میں بھارت سے نکالے جانے کے فوری بعد انہوں نے پاکستان جانے کا ارادہ نہیں کیا لیکن چند سال بعد انہوں نے ارادہ بنایا تھا۔

ان کے مطابق بھارتی حکومت کی نظر میں وہ سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، کیوں کہ ان کی تبلیغ سے وہاں کے لاکھوں لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہو رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان پر نہ صرف بنگلہ دیش میں بم دھماکے کرانے کا الزام لگایا گیا بلکہ ایسے الزامات بھی لگائے گئے کہ دہشت گرد ان کی تقریریں سن کر ان سے متاثر ہوئے لیکن ان پر ایک بھی الزام ثابت نہ ہوسکا۔

معروف مبلغ کے مطابق بھارتی سے بے دخلی کے بعد 2018 تک انہیں لگتا رہا کہ وہ شاید واپس بھارت چلے جائیں لیکن 2019 تک انہیں پتا چل گیا تھا کہ وہ اب دوبارہ بھارت نہیں جا سکیں گے، اس لیے وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بتایا کہ ان پر پاکستان جانے پر کبھی پابندی نہیں تھی اور نہ ہی کبھی پاکستان نے ویزا دینے سے انکار کیا، پاکستان میں ہر کوئی انہیں جانتا ہے، ان کی بہت عزت کی جاتی ہے، انہیں محبت دی جاتی ہے۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ دنیا میں کسی بھی ملک چلے جائیں لیکن وہاں ان سے پاکستانی سفیر ضرور ملنے آتے ہیں، سب انہیں چاہتے ہیں۔

مبلغ و اسکالر نے بتایا کہ انہیں بھارت میں تبلیغ کرنے کا سب سے زیادہ مزہ آتا تھا، وہاں 10 لاکھ افراد بھی جمع ہوتے تھے، جس میں سے 25 فیصد غیر مسلم ہوتے تھے۔

ان کے مطابق بھارت جیسا مجمہ دیگر چند ممالک میں ہوسکتا ہے، جس میں پاکستان، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا شامل ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ بھارت سے بے دخل کیے جانے کے بعد اگر وہ پاکستان کا انتخاب کرتے تو ان کا ادارہ بند کردیا جاتا یا پھر ان پر پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے ایجنٹ ہونے کا الزام لگا دیا جاتا، اس لیے وہ پاکستان نہیں آئے۔

انہوں نے عندیہ دیا کہ ممکنہ طور پر وہ رواں برس کے اختتام تک پاکستان کا دورہ کریں گے، اگر ایسا نہ ہوا تو بھی وہ جلد ہی پاکستان آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024