نائجیریا میں بس حادثہ: 25 بچے جاں بحق، 31 زخمی
پیغمبر اسلامﷺ کی ولادت کا جشن منانے والے مسلمانوں کو لے جانے والی ایک بس شمالی نائجیریا کی ریاست کدونا میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں کم از کم 25 بچے جاں بحق ہو گئے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق مذہبی تہوار کے منتظمین نے 31 زخمیوں کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد 40 بتائی ہے۔
نائجیریا کی روڈ سیفٹی ایجنسی ایف آر ایس سی کے سربراہ کبیرو ندابو نے بتایا کہ یہ حادثہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب نوجوان پیروکاروں سے بھری تیز رفتار بس نے کنٹرول کھو دیا اور ضلع لیرے میں ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے 15 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 48 زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا جہاں مزید 10 افراد کی موت ہو گئی۔
کبیرو ندابو کے مطابق ان بچوں کا تعلق کواندارے گاؤں سے تھا اور یہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے موقع پر سالانہ میلد کی تقریبات کے لیے قریبی قصبے سمیناکا جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد میں تبدیلی ہو سکتی ہے کیونکہ زخمیوں کو مختلف مقامات کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے اور انہیں مزید اپ ڈیٹس موصول نہیں ہوئی ہیں۔