گزشتہ روز آئین کیساتھ کھلواڑ، سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہورہی تھیں، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے اور گزشتہ روز اسلام اباد میں آئینی ترمیم کے نام پر ڈراما رچایا گیا جب کہ پوری رات آئین کے ساتھ کھلواڑ اور سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہورہی تھیں۔
ڈان نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے مجوزہ آئینی ترامیم پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم کے مسودے کو ایک ڈرامے کی طرح سسپنس میں رکھا گیا ہے، ساری رات آئین وقانون کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ساری رات آئینی ترمیم کے لیے ووٹ مانگا جارہا تھا مگر مسودہ کسی کو نہیں دکھایا گیا، پتہ نہیں آئینی ترمیم تھی یا ایون فیلڈ کی تفصیلات جو سامنے نہیں آرہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مفادات کی بولیاں لگائی جارہی تھی، پوری رات آئین کے ساتھ کھلواڑ اور سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہورہی تھی۔
بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ جعلی حکومت ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے، اس بار سپریم کورٹ حملے میں پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے رہی ہے، آئینی ترمیم کے نام پر اعلی عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ محض ایک بے اختیار عالیشان عمارت بن کر رہ جائے گی، کل کے شرمناک ڈرامے کے بعد قاضی فائز عیسیٰ کو خود توسیع سے دستبردار ہونا چاہیے۔