اعضا کے عطیہ کو فروغ دینے کیلئے شناختی کارڈ پر خصوصی لوگو پرنٹ کرنے کا فیصلہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے جسمانی اعضا کے عطیات کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی اقدام کا آغاز کیا جس میں عطیہ کرنے والوں کے شناختی کارڈز پر خصوصی لوگو بھی شامل ہے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی یوم شناخت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اعضا کا عطیہ احسان کا ایسا عمل ہے جو ضرورت مندوں کو زندگی کا ایک نیا موقع دے سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں تمام شہریوں کو اس اقدام میں حصہ لینے اور زندگی بچانے والی کمیونٹی کا حصہ بننے کی ترغیب دیتا ہوں۔
وزیر اعظم نے بین الاقوامی یوم شناخت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ افراد جو رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو اعضا کے عطیہ دہندگان کے طور پر رجسٹر کراتے ہیں، ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈز پر ایک خصوصی لوگو پرنٹ کیا جائے گا جو زندگی کا تحفہ دینے کے ان کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شناخت محض پہچان کا معاملہ نہیں ہے بلکہ شمولیت، نمائندگی اور ضروری خدمات تک رسائی کا سنگ بنیاد ہے۔