ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کو 1-2 سے شکست دے دی
ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کو اپنے پانچویں اور پول کے آخری میچ 1-2 سے شکست دے دی۔
بھارت کی جانب سے دونوں گول ہرمن پریت سنگھ نے اسکور کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے اسکور کیا۔
قبل ازیں پاکستان نے اپنے چوتھے لیگ میچ میں چین کو 1-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی۔
گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ میں چین اور جاپان کو شکست دی تھی جبکہ کوریا اور ملائیشیا کے خلاف اس کا میچ برابر ہوا تھا۔
بھارت کی ایونٹ میں مسلسل یہ 5ویں فتح تھی جب کہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں یہ پہلی شکست ہے۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں، ایشین ہاکی چیمپینز شپ میں سیمی فائنلز 16 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، کوریا، ملائشیا، جاپان اور چین کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔