قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس، ماحول بہتر بنانے پر اتفاق
چارٹر آف پارلیمنٹ کے لیے تشکیل کردہ حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں پر مشتمل قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے پارلیمنٹ میں ماحول کو بہتر بنانے پر اتفاق کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں آپس میں سیاسی تلخیوں کو کم کرنے کے لیے اراکین کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
تمام سیاسی جماعتوں نے ماحول کو بہتر کرنے کی تجاویز دیں جس کے بعد تمام اراکین نے سیاسی جماعتوں کے مل کر آگے چلنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں غیر سیاسی قوتوں کی مداخلت کے بجائے آپس میں مسائل مل جل کر حل کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کمیٹی کے پہلے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا سے تلخ کلامی ہوئی اور وزیر دفاع نے اجلاس چھوڑ کر جانے کی کوشش کی لیکن محمود خان اچکزئی نے بروقت مداخلت کر کے انہیں جانے سے روک لیا تھا۔
سیاسی جماعتوں کے درمیان چارٹر آف پارلیمنٹ کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چند روز قبل 18 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں 12 حکومتی اور 6 اپوزیشن اراکین شامل ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی تجویز پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔