• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے ’نیکروفیلیا کو جرم قرار دینے کیلئے قوانین کی منظوری دیدی

شائع September 11, 2024
صحافی کی شناخت شفاعت علی شیخ کے نام سے ہوئی —تصویر:شٹر اسٹاک
صحافی کی شناخت شفاعت علی شیخ کے نام سے ہوئی —تصویر:شٹر اسٹاک

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے نیکروفیلیا کو جرم قرار دینے کے لیے قوانین کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر شہادت اعوان کی زیر صدارت آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں سینیٹر عرفان الحق صدیقی اور ثمینہ ممتاز زہری سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کو مختلف پرائیویٹ ممبرز بلز کا جائزہ لینا تھا تاہم بل پیش کرنے والے اراکین کی عدم موجودگی کی وجہ سے کارروائی موخر کرنی پڑی۔

اجلاس کے دوران زیادہ تر بل ملتوی ہونے کے سبب کمیٹی نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے پیش کیے گئے پاکستان پینل کوڈ (ترمیمی) بل 2024 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی، بل کا مقصد نیکروفیلیا سے متعلق قانونی خلا کو دور کرنا ہے۔

یاد رہے کہ نیکروفیلیا کا مطلب کسی بھی لاش کی بے حرمتی کرنا اور اس کا جنسی استحصال کرنا ہے۔

اس ایکٹ کے تحت نیکروفیلیا کے خلاف واضح قانونی موقف قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس میں متعلقہ فوجداری قوانین کے تحت سزائیں دینا بھی شامل ہے۔

یہ اقدام اسلامی تعلیمات کے مطابق مرنے والوں کے تقدس کو برقرار رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، یہ بل وزارت کی طرف سے تجویز کردہ ترامیم کے ساتھ منظور کیا گیا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی کے قبرستان میں خواتین کی لاشوں کی بےحرمتی کرنے والا درندہ صفت ملزم پکڑا گیا، شہریوں نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

کراچی پولیس نے خاتون کی لاش کا ریپ کرنے کی نیت سے ایک قبر کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

کورنگی پولیس کے بیان کے مطابق مشتبہ ملزم کو باغِ کورنگی قبرستان میں ایک خواتین کی لاش کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025