• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 33 مشتبہ دہشتگرد گرفتار، سی ٹی ڈی

شائع September 7, 2024
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ ماہ صوبے بھر میں 475 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 33 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک، پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز (پی آئی پی ایس) کے زیر انتظام ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے مطابق پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جولائی کے 38 حملوں کے مقابلے میں اگست میں ملک بھر میں کل 59 دہشت گرد حملے ہوئے۔

پنجاب سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں اس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 475 مشتبہ افراد سے تفتیش کی اور ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور ممنوعہ تحریریں برآمد کیں۔

سی ٹی ڈی نے کہا کہ ان آپریشنز کے دوران غیر فعال تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 33 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ان گروپوں میں فتنہ الخوارج (تحریک طالبان پاکستان)، داعش (عسکریت پسند اسلامک اسٹیٹ گروپ)، القاعدہ، سپاہ صحابہ پاکستان، لشکر جھنگوی، جماعت الاحرار اور زینبیون بریگیڈ شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ یہ آپریشنز پنجاب کے مختلف اضلاع میں ’دہشت گردی کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے‘ کے لیے کیے گئے۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق 33 مشتبہ افراد میں سے 8 کو لاہور سے گرفتار کیا گیا، بہاولپور سے 3 جب کہ شیخوپورہ، حافظ آباد، رحیم یار خان، اٹک، ننکانہ صاحب اور بہاولنگر سے 2،2 دہشتگردوں کو حراست میں لیا گیا۔

اس کے علاوہ گوجرانوالہ، میانوالی، جھنگ، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی، نارووال، ساہیوال اور بھکر سے ایک ایک مشتبہ دہشتگرد کو گرفتار کیا گیا۔

مشتبہ افراد کے خلاف 4 اگست سے 3 ستمبر تک - انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 (اے ٹی اے) کی مختلف دفعات کے تحت 32 فرسٹ انفارمیشن رپورٹس درج کی گئیں، جن میں سیکشن 7 (دہشت گردی کی کارروائیوں کی سزا)، 8 (فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کا ارادہ یا امکان)، 11 (ممنوعہ تنظیم کی رکنیت، حمایت یا تعلق) شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی کی پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ چھاپہ مار ٹیموں نے تقریباً 5 کلو گرام بارودی مواد، 2دستی بم، 2دیسی ساختہ بم، 26 ڈیٹونیٹرز، 73 فٹ سیفٹی فیوز وائر اور 19 راؤنڈز کے ساتھ 30 بور کے 4 پستول برآمد کیے۔

مزید برآں، چھاپہ مار ٹیموں نے کالعدم تنظیموں کے 17 پمفلٹ، 7 میگزین اور 15 کتابیں اور ان کے ساتھ 121 دیگر پمفلٹس، 156 اسٹیکرز، 4 رسید کتابیں، 2 موبائل فونز اور 99 ہزار 660 روپے نقدی برآمد کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024