لاہور: اظہر مشوانی کے دو ’لاپتا‘ بھائی بحفاظت گھر پہنچ گئے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے لاپتا دونوں بھائی بحفاظت گھر پہنچ گئے۔
اظہر مشوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے دونوں بھائیوں کی بحفاظت گھر واپسی کی تصدیق کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ پروفیسر مظہر مشوانی اور پروفیسر ظہور مشوانی کو رات 2 بجے ریلیز کردیا گیا، ان معصوم شہریوں کو 6 جون سے 6 ستمبرتک 92 روز اغوا رکھا گیا.
اظہر مشوانی نے کہا کہ دعا ہے اللہ پاک تمام جبری گمشدہ افراد کو جلد از جلد ان کے اہل خانہ سے بحفاظت واپس ملوائیں۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں، وکلا اور رپورٹرز کی محنت اور دعاؤں پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ 30 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان کو لاپتا افراد سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کردی تھی، اس دوران اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دونوں لاپتا مغوی کسی ایجنسی کے پاس نہیں ہیں۔
27 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں اٹارنی جنرل منصور عثمان کو مزید مہلت دے دی تھی ۔
23 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ حکومت ہی جبری گمشدگیوں کی بینفیشری ہے۔
22 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔
20 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج طلب کرلی تھی۔
15 اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست میں سیکرٹری دفاع کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کر لیا تھا۔
5 اگست کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے درکواست کو نمٹانے کے بعد اظہر مشوانی کے والد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اظہر مشوانی کو واٹس ایپ کال آئی ہے کہ مغوی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس ہیں، چونکہ مغوی وفاقی ایجنسیوں کی حراست میں ہیں، لہذا ہم درخواست واپس لیتے ہیں۔