• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بلوچستان کابینہ نے صوبے میں حالیہ واقعات کو کھلی دہشتگردی قرار دیدیا

شائع September 4, 2024
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ نے 25 اور 26 اگست کے واقعات کو کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے، اب یہ فیصلہ بلوچستان کے عوام نے کرنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوائیں گے یا تخریب کار بنائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ میں کابینہ اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے گزشتہ ماہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی پرزور مذمت کی اور ان واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے دو ٹوک الفاظ میں ایسے واقعات کو بلوچی روایات کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہم نوجوانوں کو آکسفورڈ اور ہارورڈ سمیت اعلٰی تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجیں گے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کون ان کے بچوں کو تعلیم دلوا رہا ہے اور کون انہیں تخریب کاری کی جانب گامزن کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے گورننس کی بہتری کیلئے اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام وزرا، اراکین اسمبلی اور سیکرٹریز صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اضلاع کا دورہ کرکے عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کابینہ نے ای کامرس امپلیمنٹیشن پلان کی منظوری دی ہے ، اس پلان کے تحت عالمی نوجوانوں بشمول خواتین کو قومی مارکیٹ تک مواقعوں اور رسائی کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔

ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کابینہ نے گورننس کی بہتری کیلئے دی کوڈ آف کریمینل پروسیجر ترمیمی بل کی منظوری دی ہے، اس ترمیم کے تحت مہنگائی کی روک تھام، میونسپل سروسز کی بہتری اور مفاد عامہ کے لئے انتظامی افسران کو مجسٹریٹی پاورز تفویض کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کے شہدا کے مختلف شہداء کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے وزیر اعلٰی بلوچستان نے تین مختلف کیٹیگریز تشکیل دینے کی ہدایت کرکے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فشریز سیکٹر کی ترقی اور بہتری کیلئے بھی فیصلے کئے گئے ہیں جس میں پسنی فش ہاربر کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نئی سائٹ کے قیام کے لئے کابینہ نے جگہ کے تعین اور منصوبے کو قابل عمل بنانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی ہے، اس ضمن میں مقامی ماہی گیروں کی مشاورت کو بھی شامل رکھا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کابینہ نے محکمہ فشریز کے انڈومنٹ فنڈ سے متعلق پالیسی کی منظوری بھی دی ہے جس سے فشرمین کی بہبود کیلئے وسائل میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ٹرالنگ کے خاتمے کیلئے میرین فشریز پیٹرولنگ ریگولیشن 2023 کی بھی منظوری دی گئی ہے، ابتدائی طور پر پیٹرولنگ کے لئے 100 لیویز اہلکاروں کی خدمات لیویز فورس کو دی جائیں گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کابینہ نے چرنا اسلینڈ میرین پروٹیکٹڈ ایریا میں مینگروز کی پیداوار میں اضافے کی منظوری بھی دی ہے اور اس ضمن میں سیکرٹری جنگلات دوستین خان جمالدینی کو جامع سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024