صبا قمر اچھی اداکارہ ہیں لیکن میں نے انہیں آڈیشن کے بعد مسترد کردیا تھا، توقیر ناصر
سینیئر اداکار توقیر ناصر نے اداکارہ صبا قمر کی تعریفیں کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ بطور اداکارہ ان کی اچھی کارکردگی ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ماضی میں اداکارہ کو مسترد کردیا تھا۔
توقیر ناصر حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری سمیت اپنے کیریئر پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے ایک بار پھر بولی وڈ سے ملنے والی پیش کش سمیت شاہ رخ خان کی جانب سے ان کے کردار کو کاپی کرنے کے معاملے پر بھی بات کی۔
پروگرام کے دوران جب ان سے صبا قمر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے اداکارہ کی تعریفیں کریں۔
توقیر ناصر کی صبا قمر کی اداکاری کی تعریفیں کرنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ماضی میں انہوں نے اداکارہ کو مسترد کردیا تھا۔
سنیئر اداکار نے بتایا کہ ماضی میں جب وہ اپنی پروڈکشن کے تحت ایک ڈراما بنانے جا رہے تھے تب انہوں نے صبا قمر کا آڈیشن لیا تھا لیکن انہوں نے انہیں مسترد کردیا تھا۔
اداکار کے مطابق انہوں نے آڈیشن کے دوران جو لائنیں صبا قمر کو دی تھیں انہوں نے یکدم انہیں پڑھا اور چلتی بنیں۔
انہوں نے بتایا کہ آڈیشن کے وقت اداکارہ بہت جلدی میں تھیں اور خود انہیں صبا قمر نے بھی یہی بتایا تھا کہ وہ ذرا جلدی میں ہیں، اس لیے انہوں نے انہیں اؑڈیشن میں مسترد کردیا تھا۔
توقیر ناصر کے مطابق انہوں نے 2004 یا 2005 کے دوران صبا قمر سمیت دیگر اداکاروں کو آڈیشن کے بعد مسترد کیا تھا، انہوں نے 60 سے زائد اداکاروں کے آڈیشن لیے تھے۔
اسی ویڈیو کلپ میں توقیر ناصر نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ وہ ان کے ساتھ کام کر چکی ہیں، ان کی پرفارمنس اور کارکردگی اچھی ہے۔
توقیر ناصر نے بتایا کہ صبا قمر نے ان کے ساتھ ”تھکن“ ڈرامے میں کام کیا تھا اور وہ بہت اچھی اداکارہ ہیں۔