• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

خیبرپختونخوا: دیر بالا میں گھر پر مٹی کا تودہ گرنے سے خواتین، بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

شائع August 30, 2024
— فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا کے علاقے پاتراک میدان میں مٹی کا تودہ گھر پر گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق ریسکیو 1122 نے بتایا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں 12 افراد دب گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 نے مقامی افراد کی مدد سے آپریشن کیا، اہلکاروں نے ملبے تلے دبے 12 جسد خاکی نکالے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے کہا کہ پورے علاقے میں ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے مکان منہدم ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر وقار احمد نے بھی واقع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 12 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں نوشاد خان، خان باچا اور ولی رحمن کی بیویاں اور باقی 9 ان کے بچے تھے، جن کی عمریں 3 سے 22 سال کے درمیان تھیں۔

مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، جہاں دریا میں بہاؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ ضلع مانسہرہ کے علاقے ناران میں سیلابی صورتحال ہے، جس کے نتیجے میں مانسہرہ ناران کا ایک اہم پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا کی جانب 8 اگست کو جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ صوبے میں مون سون کے موجودہ اسپیلز میں جولائی سے 28 اگست تک 74 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 128 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ واقع پر انتہائی دکھ وغم کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی تمام مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگواران کے ساتھ ہیں، اس سال متوقع متاثرہ علاقوں میں ایڈوائزری جاری کرنےسمیت متعلقہ اداروں کوالرٹ کیے گئے ہیں ریسکیو 1122سمیت تمام ادارے مزید اس قسم کے واقعات روکنے کے لیے الرٹ کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ندی نالوں کے پاس جانے سے گریز کریں، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔

دوسری جانب، سندھ کے علاقے کوٹری میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق بلوچ کالونی، مدینہ نگر میں کرنٹ لگنے کے دو واقعات رپورٹ ہوئے۔

ادھر، پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا میں طفیل آباد کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل رکشہ کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ 25 اگست کو ملک میں طاقتور سسٹم کی آمد کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا تھا۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام سے پہاڑی علاقوں اور نشیبی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تیار رکھنے اور تمام ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024