• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بازیابی کیس: عدالت کا محمد اکرم کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم

شائع August 29, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم بازیابی کیس میں عدالت نے مغوی کی فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کیس کی سماعت کی، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی اہلیہ میمونہ ریاض ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی، ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور تھانہ صدر بیرونی پولیس عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے سی پی او راولپنڈی سے استفسار کیا محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کوئی سراغ ملا، اس پر سی پی او راولپنڈی نے عدالت میں بتایا کہ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ صبح 25 افراد مختلف اداروں کے یونیفارم میں گھر میں داخل ہوئے، اہلکاروں نے اڈیالہ جیل کے اندر سرکاری رہائش گاہ کی تلاشی لی۔

عدالت نے ریمارکس دیے یہ جو الزام لگا رہی ہیں یہ کافی سنجیدہ ہے، عدالت نے محمد اکرم کی فیملی کی حفاظت کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے سی پی او راولپنڈی کو اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی بھی ہدایت کی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو کچھ ہو رہا ہے کسی نے لوگوں کے لیے کوئی اعتماد نہیں چھوڑا، ہر کسی نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، سب اللہ تعالٰی کو جواب دہ ہیں۔

دوران سماعت عدالت نے مزید ریمارکس دیے لاپتا افراد کا مسئلہ کافی الارمنگ ہو چکا ہے، پتہ چلتا ہے بندہ یہاں لاپتا ہے لیکن افغانستان بیٹھا ہوا ہے۔

سی پی او روالپنڈی نے محمد اکرم کی بازیابی کے لیے 14 روز کی مہلت مانگ لی ہے۔

عدالت نے محمد اکرم کی بازیابی کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

واضح رہے 27 اگست کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں اگلی سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی تھی، اس موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے سی پی او راولپنڈی کا جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا تھا کہ سی پی او راولپنڈی نے مختلف اداروں اور 4 صوبوں کی پولیس کو خطوط بھجوائے ہیں جس میں محمد اکرم کے حوالے سے تفصیلات مانگیں گئی ہیں، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی بازیابی کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024