• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

یوٹیلٹی اسٹورز بندش سے متعلق وفاقی حکومت سمیت دیگر سے 4 ستمبر تک جواب طلب

شائع August 27, 2024
—فائل فوٹو: ڈان
—فائل فوٹو: ڈان

لاہور ہائی کورٹ نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محمد رضا قریشی نے یوٹیلٹی اسٹورز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار مزمل رفیق کی جانب سے آصف شہزاد ساہی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار عرصہ 10 سال سے یوٹیلٹی اسٹور کا ملازم ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوٹیلٹی اسٹورز ایک منافع بخش ادارہ ہے، دو ارب روپے منافع کما رہا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے 4 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ختم کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کرلیں جب کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 50 ارب کی سبسڈی بھی بند کردی ہے۔

اس معاملے پر بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کےلیے ٹیکس نظام کو آسان اور عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کی ری سٹرکچرنگ کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عوام تک شفاف انداز میں سبسڈی کے فوائد پہنچانے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کی ری اسٹرکچرنگ کر کے اس سسٹم کو بہتر کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ اس حوالے سے شکایات تھیں کہ عوام تک سبسڈی کے فوائد پوری طرح نہیں پہنچ رہے،کچھ ملازمین اس میں ملوث ہیں اور کچھ افسران کے نام بھی اس میں تھے جو سبسڈی لے رہے تھے اس لئے اصلاحات لانا ضروری تھا، ہماری کوشش ہے کہ سبسڈی مستحقین کو ملے۔

ممکنہ بندش کیخلاف ملازمین کا بارش کے باوجود دوسرے روز بھی اسلام آباد میں احتجاج

دوسری جانب یوٹیلیٹی اسٹورز کی ممکنہ بندش کےخلاف اسلام آباد میں یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کا احتجاج بارش کے باوجود دوسرے روز بھی جاری ہے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز یوٹیلٹی اسٹور کی مذاکراتی ٹیم کے حکومت سے مذاکرات نہیں ہوسکے تھے، حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹور کی مذاکراتی ٹیم سے آج کا وقت مانگا ہے، حکومت آج نئی کمیٹی تشکیل دے گی جو یوٹیلیٹی اسٹورز کی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کرے گی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز مذاکراتی ٹیم نے بندش کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کررکھا ہے، یوٹیلیٹی اسٹور ملازمین نے مطالبات تسلیم نا ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا فیصلہ اعلان کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024