کراچی: بچی کی بوری بند لاش برآمد، پوسٹ مارٹم میں ریپ کی تصدیق
کراچی کے علاقے صدر سے بچی کی بوری بند لاش ملی ہے، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی سے ریپ کی تصدیق ہوگئی ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا ہے کہ 12 سالہ بچی کی بوری بند لاش صدر لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی سے ملی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے کہا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی سے ریپ کیا گیا ہے، ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے لے لیےگئے ہیں، موت کی وجہ ڈی این اے اور دیگر رپورٹس ملنے کے بعد معلوم ہوگی۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بچی کی بوری بند لاش ملنے اور ریپ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کمزور طبقے کے خلاف ریپ کیسز پر پولیس سخت اقدامات کرے اور صوبے بھر کے تمام تھانوں کو حکومت کی پالیسی سے آگاہ کیا جائے۔
ادھر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آئی جی سندھ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بچی کے ریپ کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے پر بات چیت کی۔
گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں، آئی جی سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ واقعہ میں ملوث عناصر جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے۔