بنگلہ دیش کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست پر چیئرمین پی سی بی کا ردعمل
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں قومی ٹیم کی بدترین شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو جیسی کارکردگی دکھانی چاہیے تھی وہ ویسی نہیں دکھاسکے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں تاریخی فتح پر مائیکر بلاگنگ کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کو تاریخی جیت پر مبارک باد دی ۔
محسن نقوی نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’بنگلہ دیش نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار کھیل پیش کیا اور انہوں نے پورے میچ کے دوران اپنا اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے لیے یہ تاریخی جیت ہے کیوں کہ انہوں نے پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی، بدقسمتی سے پاکستانی ٹیم وہ کارکردگی نہیں دکھاسکی جیسے ہونی چاہیے تھی، انشا اللہ گرین شرٹس اگلے میچ میں کم بیک کرے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ سیریز پر مشتمل پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا گیا جہاں چوتھے روز کے اختتام تک میچ ڈرا کی جانب گامزن تھا تاہم ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز قومی ٹیم نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس فارمیٹ میں پہلی بار شکست دی، اور 10 وکٹوں سے پہلا ٹیسٹ اپنے نام کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پہلی اننگز 6 وکٹ کے نقصان پر 448 رنز پر ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا، اس وقت محمد رضوان 171 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، جس پر سابق کرکٹرز نے شان مسعود کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں محمد رضوان کی ڈبل سنچری کا انتظار کرنا چاہیے تھا ۔
پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم چوتھے روز آخری سیشن میں 556 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور پاکستان پر 117 رنز کی برتری حاصل کی۔
تاہم قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 146 رنز بناسکی، محمد رضوان 51 رنز بناکر نمایاں رہے، عبداللہ شفیق 37، بابراعظم 22، شان مسعود 14، سعود شکیل اور سلمان علی آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
بنگلہ دیش نے 30 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی، مشفق الرحیم کو 191 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔