حب: کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کھائی میں جاگری، 11 افراد جاں بحق
بلوچستان کے شہر حب میں ایران سے پنجاب جانے والی زائرین کی بس کوسٹل ہائی وے پر کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق حادثے میں 30 سے زائد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مرنے والوں اور زخمیوں میں سے زیادہ ترکا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
صدرمملکت آصف زرداری نے مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زائرین کی بس کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لسبیلہ کے قریب بس حادثے میں زائرین کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
یاد رہے کہ 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے۔
بیشتر مسافر کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے تھا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی رپورٹس سے پتا چلتا ہے کہ بس کو حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا تھا۔