• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

ایران بس حادثے میں جاں بحق پاکستانی زائرین آبائی علاقوں میں سپرد خاک

شائع August 24, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

3 روز قبل ایران میں پیش آئے خوفناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین کو ان کے آبائی شہروں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئیں، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق سندھ کے ضلع لاڑکانہ، 6 کا کشمور، 4 کا خیرپور، 3 کا قمبر شہداد کوٹ، 2 کا جامشورو، 2 کا تعلق کراچی اور ایک کا دادو سے ہے۔

تعاون پر ایرانی حکومت کے شکر گزار ہیں، دفتر خارجہ

دوسری طرف، ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ایران بس حادثے میں جاں بحق اور زخمی زائرین کی پاکستان منتقلی میں تعاون پر ایرانی حکومت کے شکرگزار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران بس حادثہ کے جاں بحق 28 زائرین کی میتیں پاکستان پہنچادی گئیں، خصوصی طیارے کی آمد کے موقع پر صوبائی وزیر ناصر شاہ، وزارت خارجہ کے ڈی جی بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ خصوصی طیارے میں حادثے کے 16 زخمی پاکستانی بھی واپس آئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ طیارہ روانگی سے قبل گورنر یزد مہران فاطمی نے مرحومین کے لیے تعزیت کی۔

واضح رہے کہ 21 اگست کو ایرانی شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایران سے عراق جانے والی زائرین کی بس ایران کے شہر یزد میں خوفناک حادثے کا شکار ہوئی، جس میں 53 زائرین سوار تھے۔

حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں تیز رفتار بس کو موڑ پر الٹنے کے بعد کئی فٹ تک گھسٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، حادثہ مبینہ طور پر بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024