پاکستانی امن سفیر میجر ثانیہ صفدر نے اقوام متحدہ کا صنفی مساوات کا ایوارڈ حاصل کرلیا
قبرص میں اقوام متحدہ کی فورس (یو این ایف آئی سی وائی پی) کے لیے خدمات انجام دینے والی پاکستانی فوج کی میجر ثانیہ صفدر ’صنفی مساوات‘ کی ’تعریفی سند 2023‘ حاصل کرنے والی ’اقوام متحدہ امن مشن‘ کی پہلی اہلکار بن گئی ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ ایوارڈ انہیں نیویارک میں قائم اقوام متحدہ کے محکمہ برائے امن آپریشنز کی طرف سے دیا گیا جسے قبرص میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے کولن اسٹیورٹ نے انہیں پیش کیا۔
اس موقع پر میجر ثانیہ صفدر نے کہا کہ ’قبرص میں اقوام متحدہ کی امن فورس کی طرف سے پہلی امن سفیر کی طور پر اس سرٹیفکیٹ کا حصول میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے اور قبرص میں ہمارے مشن کے لیے اہم سنگ میل ہے، ’یہ ایوارڈ ہمارے صنفی مساوات کے لیے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے۔‘
2016 میں قائم کیے گئے اقوام متحدہ کے ’ملٹری جینڈر آف دی ایئر ایوارڈ‘ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 کے اصولوں کو فروغ دینے میں ایک انفرادی فوجی کے امن کے سفیر کی حیثیت سے محنت اور کوششوں کو تسلیم کرتا ہے۔
میجر ثانیہ صفدر کے بنیادی کاموں میں مواصلاتی نظام کی نگرانی اور فوجی شعبے میں صنفی مساوات کو فروغ دینا شامل ہے،گزشتہ سال اپنی تعیناتی کے بعد سے انہوں نے کئی اقدامات کیے، جن میں مشن کے کام میں خواتین کو شامل کرنا رہا، جس کے نتیجے میں انہیں یہ ایوارڈ ملا۔