سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے کے اضافے کے بعد 2 لاکھ 61 ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسی طرح 10 گرام سونے کی نرخ 257 روپے بڑھ کر ریکارڈ 2 لاکھ 23 ہزار 765 روپے ہوگئی ہے۔
حیرت انگیز طور پر آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں 2 ہزار 512 ڈالر فی اونس پر برقرار رہنے کے باوجود مقامی سطح پر زیادہ نرخ جاری کیے جبکہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔
مہنگا سونا بہت سے خاندانوں کی خریداری کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے، تاہم جنوری کے بعد قیمتوں میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سرمایہ کاروں کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
یکم جنوری کو 10 گرام اور فی تولہ قیمتیں بالترتیب ایک لاکھ 88 ہزار 357 اور 2 لاکھ 19 ہزار 700 روپے تھی جبکہ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 2,082 روپے تھی، اس کے مقابلے میں 10 گرام سونے کی قیمت میں اب تک 35 ہزار 408 روپے اور ایک تولہ کے نرخوں میں 41 ہزار 300 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ہیڈ آف ریسرچ سمیع اللہ طارق نے بتایا کہ میرا خیال ہے کہ لوگ سونے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں کیونکہ یہ روپے کی بے قدری کے خلاف ہیج فراہم کرتی ہے۔
فروری میں پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے ملک میں سونے کی درآمدات اپریل تا جون تک معطل رہیں تاہم جولائی میں 22 لاکھ ڈالر مالیت سے 28 کلو کے ساتھ درآمدات دوبارہ شروع ہوئیں۔