• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:27am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:27am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am

اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

شائع August 21, 2024
اسحٰق ڈار— فائل فوٹو:اے پی پی
اسحٰق ڈار— فائل فوٹو:اے پی پی

سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹر اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

سندھ ہائی کورٹ میں اسحٰق ڈار کو نائب وزیر اعظم مقرر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

سندھ ہائیکورٹ نے 6 ہفتوں میں فریقین سے تحریری جواب طلب کرلیا۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 6 ہفتوں بعد درخواست غیر موثر ہوجائے گی، جس پر جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ کیا 6 ہفتوں بعد نائب وزیراعظم کی تقرری ختم ہوجائے گی؟ فوری درخواست کی سماعت پر نوٹس کردیا ہے اگلی تاریخ پر کیس کا جائزہ لیں گے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں پشاور اور لاہور ہائی کورٹ سے مسترد ہوچکی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین میں ڈپٹی پرائم منسٹر کا کوئی عہدہ نہیں ہے، اسحٰق ڈار کو 90 لاکھ روپے کے مساوی مراعات ملیں گی، آئین میں وزیر اعظم اور نگران وزیراعظم کے عہدے کے علاوہ ایسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 17 مئی کو سینیٹر اسحٰق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کر دی گئی تھی۔

اس سے قبل 16 مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔

واضح رہے کہ 28 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا تھا۔

حکومت پاکستان کے کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو تاحکم ثانی فوری طور پر نائب وزیر اعظم مقرر کردیا۔

آئین میں نائب وزیراعظم کا باقاعدہ کوئی عہدہ نہیں ہے البتہ نائب وزیراعظم پاکستان کا عہدہ 25 جون 2012 کواس وقت کے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے تخلیق کیا تھا۔

راجا پرویز اشرف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مسلم لیگ (ق) کے مطالبے پر چوہدری پرویز الہٰی کو نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا تھا اور اس طرح وہ پاکستان کے پہلے نائب وزیراعظم قرار پائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024